16 فروری 2015 - 09:14
افغان عوام امریکی فوجیوں کی موجودگی کے مخالف

افغان عوام ، اپنے ملک میں امریکی فوجیوں کی موجودگی کے مخالف ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق افغانستان کے سیاسی امور کے ماہر اسداللہ وحیدی نے کہا ہے کہ افعان عوام اپنے ملک میں ایک روز کے لئے بھی امریکی فوجیوں کو برداشت کرنے کے لئے تیار نہیں ہیں- اسداللہ وحیدی نے اتوار کے روز آئي آر آئی بی کی دری سروس کے نمائندے سے گفتگو میں، افغانستان میں امریکی فوجیوں کی موجودگی جاری رکھنے کے امریکی حکام کے مطالبہ کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ پہلے بھی نظام الاوقات کے مطابق افغانستان سے باہر نہيں نکلنا چاہتا تھا، بلکہ وہ افغان عوام کو دھوکا دینا چاہتا تھا- انھوں نے کہا امریکیوں نے ایک طے شدہ نظام الاوقات کے تحت اپنے فوجیوں کو افغانستان سے باہرنکالنے کا جو ڈھونگ رچایا تھا، اس کا مقصد سیکورٹی معاہدے پر دستخط اوراپنے دوسرے مطالبات کو عملی جامہ پہنانا تھا- انھوں نے مزيد کہا کہ اب جب کہ امریکی فوجیوں کے جانے کا وقت قریب آگیا ہے تو وہ ایک بار پھر اس مسئلے کو اٹھاناچاہتے ہيں کہ کیا انھیں افغانستان سے نکلنا چاہئے یا نہیں؟ اسداللہ وحیدی کے بقول امریکی افغانستان میں اپنی موجودگی جاری رکھنا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اس ملک اورعلاقے میں اپنے مفادات کےدرپے ہیں اور علاقے سے باہر نہيں نکلنا چاہتے- انہوں نے کہا کہ امریکی تیرہ برسوں سے افغانستان پر فوجی قبضہ کئے ہوئے ہيں جس کی وجہ سے ہزاروں افغان شہری، بچے اور عورتیں ہلاک اور زخمی ہوچکے ہیں اور پورے ملک میں بدامنی کا دور دورہ ہے، انہوں نے کہا کہ افغانستان کی معاشی صورتحال انتہائی ابتر ہے جس کی بنا پر افغان عوام کے لئے بے پناہ مسائل پیدا ہوگئے ہيں- اسداللہ وحیدی نے آخر میں کہا کہ امریکیوں کی موجودگی کا نتیجہ صرف افغان عوام کی بدنصیبی کی صورت میں نکلا ہے اور آئندہ بھی اس کے سوا کوئي اور نتیجہ نہيں نکلے گا-

.......

/169